4 دسمبر 2012 - 20:30

پاکستان کے وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کی توسیع چاہتے ہیں۔

ابنا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم نے آج اسلام آباد میں ایرانی پارلیمنٹ کے خارجہ کمیشن کے سربراہ علاءالدین بروجردی کی ملاقات میں کہا کہ پاکستان ، اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تمام شعبوں کے تعلقات میں مزید فروغ کا خواہاں ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی سطح کو معیاری قراردیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی قربت ،انکی تاریخی ، ثقافتی اور دینی مشترکات کی وجہ سے ہے۔ پاکستان کے وزیراعظم نے ایران – پاکستان گیس پائپ لائن اور ایران سے بجلی کی درآمد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات میں بالخصوص اینرجی کے شعبے میں قریبی تعاون پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس ملاقات میں انہوں نے افغانستان کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان ، افغانستان میں مفاہمتی عمل کے بارے میں یکساں موقف رکھتے ہیں اور دونوں ممالک مفاہمتی عمل میں شمولیت کے خواہاں ہیں۔اس ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی اور خارجہ کمیشن کے سربراہ علاءالدین بروجردی نے بھی ایران اور پاکستان کے مابین تعلقات میں اضافے کےبارے میں دونوں ممالک کی اقوام کی خواہشات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی سطح میں اضافہ ، تہران اور اسلام آباد کی بنیادی پالیسی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/110